محکمہ برائے توانائی کے مینڈیٹ کے اہداف میں توانائی کا بچاؤ اور اس مقصد کے لئے معاونت کی فراہمی شامل ہیں۔ طلب اور فراہمی کے درمیان بڑھتے ہوئے خلاء کے نتیجے میں ناگزیر ہو چکا ہے کہ توانائی کے دستیاب ذرائع کو موئثر انداز میں بروئے کار لایا جائے اور اس ہدف کو پانے کے لئے محکمہ برائے توانائی مختلف طریقہ ہائے کار تلاش کر رہا ہے۔
بجلی کے بچاؤ کے لئے محکمہ توانائی کی بنیادی حکمتِ عملی سرکاری و نجی شعبوں میں توانائی کے استعمال میں کمی لانا ہے۔ سرکاری شعبے سے شروعات کرتے ہوئے محکمہ ہذاٰ نے درج ذیل اقدامات کا آغاز کیا ہے:
روشنی
بنیادی باتوں سے آغاز کرتے ہوئے ضرورت نہ ہونے کی صورت میں لائٹیں بند رکھی جائیں اور قدرتی روشنی کا استعمال زیادہ سے زیادہ کیا جائے۔ گرد سے اَٹی ہوئی لائٹیں اور بلب 50 فیصد تک روشی جذب کرتے ہیں لہذا انہیں گرد و غبار سے صاف رکھا جائے۔
ائیر کنڈیشنر
ائیر کنڈیشنر فلٹر کو ہر مہینے صاف کریں۔ آلودہ ائیر فلٹر ہوا کے بہاؤ کو کم کرتا ہے اور یونٹ کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔ صاف فلٹر یونٹ کو جلدی ٹھنڈا کرنے میں مدد دیتا ہے اور کم توانائی استعمال کرتا ہے۔ ائیر کنڈیشنر کے آؤٹ ڈور یونٹس کو سائے میں رکھا جائے۔ ائیر کنڈیشنر کو زیادہ سے زیادہ 26 ڈگری سینٹی گریڈ ٹمپریچر پر چلائیں۔
کمپیوٹرز اور لیپ ٹاپس
استعمال میں نہ ہونے کی صورت میں کمپیوٹر کو بند کر دیں۔ ایسا کمپیوٹر جو دن میں 24 گھنٹے چلتا ہو ایک ریفریجریٹر سے زیادہ بجلی خرچ کرتا ہے۔ اگر کمپیوٹر کو آن رکھنا لازم ہو تو مانیٹر کو بند کر دیں۔ صرف مانیٹر سسٹم کی آدھی سے زیادہ بجلی خرچ کرتا ہے۔ کمپیوٹرز، مانیٹرز ور کاپیئرز کو سلیپنگ موڈ پر لگانے سے بجلی کے خرچ میں 40% تک بچت کی جا سکتی ہے۔
لیپ ٹاپس کے بیٹری چارجز اگر پلگ ساکٹ میں لگے ہوں تو بجلی خرچ ہوتی رہتی ہے۔ بیٹری فل ہونے پر انہیں نکال دیں اور صرف اس وقت بیٹری چارنگ پر لگائیں جب مکمل طور پر استعمال ہو چکی ہو۔ اس سے بیٹری زیادہ عرصہ چلتی ہے۔
گرم ہونے والے آلات
گیس گیزر کو ٹائمر لگا کر استعمال کریں اور خراب تھرمو سٹیٹ کی مرمت کرائیں۔ حرارت کو ضائع ہونے سے بچانے کے لئے SNGPL کی متعارف کردہ کون بیفل ٹیکنالوجی استعمال کریں، پانی کے پائپس، خاص طور پر جو ٹھنڈے (unheated) حصوں سے گزرتے ہوں، کی انسولیشن کریں۔ پلاسٹک کے پائپوں کوانسولیٹ مت کریں۔
پانی گرم کرنے کے لئے بجلی کی کیٹل استعمال کریں کیونکہ یہ بجلی سے چلنے والی چولہے کے مقابلے میں کم توانائی صرف کرتی ہے۔ گندے کیٹل کو گرم کرنے سے بھی زیادہ توانائی خرچ ہوتی ہے۔ بجلی کی کیٹل کی تہہ میں جمی نمکیات کو صاف کرنے کے لئے اس میں پانی اور نمک ڈال کر گرم کریں۔ ایک مشروب کے لئے کیٹل کو اوپر تک مت بھریں اور پانی کی مقدار صرف ضرورت کے مطابق رکھیں۔
ریفریجریٹرز
ریفریجریٹر کو حرارت کے تمام ذرائع بشمول سورج کی براہ راست روشنی، ریڈی ایٹرز اور اپلائنسز جیسے کہ اوون اور کوکنگ رینج وغیرہ سے دور رکھیں۔ ریفریجریٹر کی موٹر اور کمپریسر حرارات پیدا کرتے ہیں لہذا اس کے ارد گرد ہوا کے گزر کے لئے جگہ رکھیں۔ اگر حرارت کے اخراج کے لئے کافی جگہ نہ رکھی جائے تو ریفریجریٹر کا کولنگ سسٹم مشکل سے کام کرتا ہے اور زیادہ توانائی لیتا ہے۔
اس بات کا یقین کر لیں کہ ریفریجریٹر کے دروازوں ربر کے سیلز صاف اور مضبوط ہیں۔ ان کے درمیان کاغذ کا ٹکرا رکھا جائے تو مضبوطی سے اپنی جگہ ٹھہر سکتا ہے۔ اگر کاغذ کاٹکرا آسانی سے باہر نکل آئے تو انہیں تبدیل کریں۔ جب ریفریجریٹر کے کنڈینسر کوائلز (condenser coils) پر گرد جم جائے تو موٹر مشکل سے کام کرتی ہے اور زیادہ توانائی خرچ کرتی ہے۔ ان کوائلز کو باقاعدگی سے صاف کریں تا کہ ہوا کا گزر بآسانی ہو سکے۔مینول ڈیفراسٹ ریفریجریٹر میں جمی برف غیر ضروری انسولیشن کے باعث کولنگ کو کم کر دیتی ہے۔ مینول ریفریجریٹر کے خانوں میں جمی برف کو باقاعدگی سے صاف کرتے رہیں۔
متفرقات
- یو پی ایس- جب بجلی کے بیک اپ کے طور پر زیرِ استعمال ہوتو یقین دہانی کر لیں کہ یو پی ایس کا چارجر ضرورت کے مطابق ۔ بیٹری کو مسلسل چارجنگ پر رکھنا نہ صرف اس کی مدتِ استعمال کو کم کرتا ہے بلکہ زیادہ یونٹس بھی خرچ کرتا ہے۔
- موبائل چارجر- جب زیرِ استعمال نہ ہو تو پلگ سے نکال دیں۔